وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ غریبوں کو روزگار کے مواقع اور مہنگائی میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کو یقینی بنایا جائے۔
مصدق ملک نے کہا کہ سیلاب اور عالمی حالات سمیت متعدد چیلنجز کے باوجود ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے تمام تر کوششیں جاری ہیں۔ وزیر نے کہا کہ لوگ آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح تقریباً 37 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 17 فیصد پر آگئی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ گزشتہ سال اشیائے خوردونوش کی مہنگائی تقریباً چالیس فیصد تھی جو اب کم ہو کر گیارہ فیصد رہ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال ٹیکس وصولیوں میں بھی تیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔