سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے پیر کو رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے آصفہ بھٹو زرداری سے حلف لیا جنہوں نے بعد ازاں رجسٹریشن رول پر دستخط کئے۔
صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو اپنے شوہر کے ہمراہ موجود تھیں۔
آصفہ بھٹو شہید بینظیر آباد، این اے 207 سے قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہوئیں، جو ان کے والد آصف علی زرداری کے پاکستان کے 14ویں صدر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے تصدیق کی کہ ضمنی انتخاب کے لیے ابتدائی طور پر 11 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ تاہم جانچ پڑتال کے بعد آصفہ سمیت صرف چار امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے۔
ایک مختصر بیان میں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ باقی تین امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، جس کے نتیجے میں آصفہ بھٹو ایم این اے منتخب ہوئیں۔
وہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں پی پی پی کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی تھیں اور اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مختلف ریلیوں کی قیادت کرتی نظر آئیں۔ انہوں نے اپنا سیاسی آغاز 30 نومبر 2020 کو ملتان میں پی پی پی کے جلسے سے کیا۔