پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 میں ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
این اے 207 کی نشست ان کے والد آصف علی زرداری کے صدر پاکستان منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
پیپلز پارٹی کی قانونی ٹیم جس میں فاروق ایچ نائیک اور سندھ کے وزرائے قانون، محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات شامل تھے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے آر او کے دفتر پہنچ گئے۔
ریٹرننگ افسر (آر او) نے پی پی پی کی قانونی ٹیم کے سامنے کاغذات کی جانچ پڑتال کی اور منظوری دی۔
آصفہ بھٹو نے اپنا نامزدگی فارم حلقہ این اے 207 کے ریٹرننگ افسر شیر علی جمالی کو جمع کرایا تھا۔
صدر زرداری کی سب سے چھوٹی بیٹی، پہلی بار کسی عوامی عہدے کے لیے ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آصفہ بھٹو کی انتخابی مہم شروع کریں۔
آصف زرداری نے 09 مارچ کو 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے صدارتی انتخابات میں کلین سویپ کرنے کے بعد ملک کے 14ویں سربراہ مملکت کے طور پر حلف اٹھایا۔
آصفہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے پہلے پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی تھیں اور ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مختلف ریلیوں کی قیادت کرتی نظر آئیں۔