صوبہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے متعلق مختلف واقعات میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے کیونکہ صوبے میں وقفے وقفے سے بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی جی ریسکیو پشاور کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے شامل ہیں اور بارش سے متعلقہ واقعات میں 34 افراد زخمی ہوئے۔
چھتیں گرنے کے واقعات میں کئی جانور بھی ہلاک ہوئے۔ یہ واقعات پشاور، لوئر دیر اور باجوڑ میں پیش آئے۔
ڈی جی ریسکیو کے مطابق مختلف اضلاع میں چھتیں گرنے سے لوگوں کا مالی نقصان بھی ہوا۔
کے پی کے علاقے لوئر دیر میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے تین افراد ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں ہفتے کو تیسرے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ صوبائی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہیں بند ہوگئیں۔ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔