وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے یہ منظوری آج اسلام آباد میں بورڈ آف انویسٹمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے دورہ چین کے دوران شینزن میں پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشتوں پر ہونے والی پیش رفت کی جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین کے بعد ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں خصوصی اقتصادی زونز ون سٹاپ شاپ قانون پر نظر ثانی کرنے کی مزید ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ٹیکسٹائل، چمڑے، جوتے اور دیگر صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ پاکستان میں چینی صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کے لیے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس ایکٹ کا مسودہ جلد ہی کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھیجا جا رہا ہے۔