سندھ حکومت مالی سال 25-2024 کا اپنا سالانہ بجٹ آج جمعہ (14 جون) کو سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جن کے پاس خزانہ کا قلمدان بھی ہے، سہ پہر تین بجے بجٹ پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس صبح 9 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگا۔ کابینہ اجلاس میں بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
بجٹ 2024 میں حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز دے گی جب کہ سندھ پولیس کے بجٹ کے لیے 163 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز، پنجاب کے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے سنی اتحاد کونسل (SIC) کے احتجاج کے درمیان مالی سال 2024-25 کا صوبائی 'ٹیکس فری' بجٹ پیش کیا جس کی کل لاگت 5.44 ٹریلین ہے۔
وزیر خزانہ نے 5446 ارب روپے کا بجٹ ایوان کے سامنے پیش کیا جس میں 630 ارب روپے سرپلس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی منصوبے کے تحت 77 نئے میگا پراجیکٹس شروع کیے جائیں گے۔
پنجاب حکومت نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کی تجویز بھی دی ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ مزدوروں کی کم از کم اجرت 37 ہزار روپے تجویز کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی محصولات کی وصولی کا تخمینہ 4643.4 ارب روپے ہے جبکہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت 3,683.10 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔