پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے BS-22 کے افسر سید آصف حیدر شاہ کو منگل کو تبدیل کر کے فوری طور پر سندھ کا نیا چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سید آصف حیدر شاہ جو کہ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈویژن تعینات ہیں، صوبے کے موجودہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم کی جگہ لیں گے۔
ڈاکٹر فخر عالم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔
آصف حیدر شاہ نے 1993 میں پاکستان کی سول سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اپنی پچھلی پوسٹنگ میں وہ کمشنر حیدرآباد، کمشنر کراچی، اسپیشل سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن، وفاقی سیکریٹری ثقافت اور سیکریٹری پاور ڈویژن رہے۔
آصف حیدر شاہ پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر رہے ہیں۔ انہوں نے آئی بی اے کراچی سے ایم بی اے کیا، جب کہ ہاورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری اور ہاورڈ اور اسٹینفورڈ یونیورسٹیوں کی فیلوشپ حاصل کی۔
آصف حیدر شاہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کے داماد اور موجودہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے قریبی رشتہ دار ہیں۔