صدر آصف علی زرداری نے قومی سرحدوں کے دفاع میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔
وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
صدر نے کہا کہ انہیں ملک کی سیکیورٹی فورسز پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔
اجلاس میں قوم کے تعاون سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے صدر مملکت کا عہدہ سنبھالنے پر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر مملکت کو ملکی سلامتی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔