صدر آصف علی زرداری اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ٹیلی فونک گفتگو کی اور عید الفطر کے موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔
گفتگو کے دوران صدر آصف علی زرداری نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے میں ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدر نے انسانی بحران اور اسرائیلی افواج کی جانب سے نسل کشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔
انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
صدر مملکت نے ایرانی صدر اور ان کے اہل خانہ کی صحت، تندرستی اور خوشیوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔