وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور برف باری سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو اور متاثرین کی بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرہ گھروں کے مکینوں کو آئندہ پانچ روز میں معاوضے کی رقم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو مل کر متاثرہ افراد کے لیے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں حصہ لینا چاہیے۔
وزیراعظم کو صوبے میں موسلادھار بارشوں اور برف باری کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں اور برف باری سے چالیس افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ستائیس بچوں سمیت باسٹھ دیگر زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ چھ سو پینتیس مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارش سے متعلقہ حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو سات لاکھ روپے اور جزوی طور پر متاثرہ مکانات کو ساڑھے تین لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کی تمام معروف شاہراہوں کو فنکشنل کر دیا گیا ہے جب کہ برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکوں پر کام جاری ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ آئندہ ایک دو روز میں متوقع برف باری کے باعث پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔