وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اپنے وفد کے ہمراہ چین کے شہر ژیان میں ٹیراکوٹا واریرز میوزیم کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم اور وفد کو تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی اور سیاحت کے فروغ پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور چین کے قدیم تاریخی ورثے اور چینی دستکاری کی خوبصورتی کو سراہا۔
اپنے ریمارکس میں انہوں نے کہا کہ چین جیسی عظیم قومیں اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی طرف سے اس تاریخی ورثے کی حفاظت اور بحالی قابل تقلید ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین نے اپنی محنت سے ہر شعبے میں اپنی شناخت بنائی ہے۔
انہوں نے میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تاریخی اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔ انہوں نے ملک کے تاریخی مقامات کی بحالی اور انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔