وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ان وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے جواہرات اور قیمتی پتھروں کے شعبے کے حوالے سے ایک جامع ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وہ بدھ کو اسلام آباد میں سیکٹر کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں جواہرات کے بے پناہ وسائل موجود ہیں، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جواہرات کے شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے جواہرات کی مصنوعات کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشن پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی منڈی میں پاکستان کی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے نجی شعبے سے ضروری مشاورت اور صوبوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔
انہوں نے جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس صنعت کی ترقی کے لیے ضروری قانون سازی کا عمل شروع کیا جا سکے۔
انہوں نے جواہرات کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کو یقینی بنانے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو اس شعبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں قیمتی پتھروں کے حوالے سے جیو میپنگ پر زور دیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جواہرات اور نایاب پتھروں کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔