وفاقی کابینہ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیتی قرارداد منظور کرلی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں ایرانی صدر کی پاک ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے بے پناہ خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کابینہ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر افراد کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر اپنے ریمارکس میں شہباز شریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کی المناک موت پر غمزدہ ہے۔
سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم صدر رئیسی ایک عالم اور مدبر رہنما تھے اور ان کی وفات سے پاکستان ایک مخلص دوست سے محروم ہو گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے لیے مرحوم صدر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاک ایران مضبوط تعلقات کے لیے صدر رئیسی کے وژن کو آگے بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔