وزیر اعظم شہباز شریف نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وہ آج مزدوروں کے عالمی دن کے سلسلے میں لاہور میں مزدوروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پالیسیاں بناتے وقت اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مزدوروں کی خوشحالی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کی محنت کو مکمل طور پر تسلیم کرتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر قیادت پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک دیکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے وفود بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اس موقع پر اپنے پیغامات میں صدر آصف علی زرداری نے مزدوروں کے وقار کو برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے آجروں پر زور دیا کہ وہ اجرت کے منصفانہ طریقوں کو اپنائیں، کارکنوں کی حفاظت اور صحت کے لیے اقدامات کریں اور خطرناک ماحول میں کام کرنے والے مزدوروں کو ضروری تربیت اور حفاظتی سامان کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کے ساتھ آج (بدھ) مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
اس سال کے دن کا تھیم 'موسمیاتی تبدیلیوں کے درمیان کام کی جگہ کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا' ہے۔
مختلف سرکاری اور نجی تنظیمیں مزدوروں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کانفرنسز، سیمینارز، مارچ اور واکس کی میزبانی کریں گی۔