وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی اور آئندہ سال کے لیے عوام دوست بجٹ کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے وفد کو آئندہ وفاقی بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفد میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سینیٹر شیری رحمان شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے وفد نے بجٹ کے لیے پارٹی کی سفارشات پیش کیں۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں سندھ کا مقدمہ لڑا۔
وفد نے بجٹ میں سندھ کے لیے مختص فنڈز میں اضافے اور مزید ترقیاتی منصوبوں کا مطالبہ کیا۔
پارٹی وفد نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے منصوبوں کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے بجٹ میں سیلاب متاثرین کے لیے کم فنڈز مختص کیے گئے تھے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے مطالبات پر مشاورت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔