وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قوم 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو نہ تو بھولے گی اور نہ ہی ملک کے خلاف ایسے مجرمانہ اقدامات کو دہرانے کی اجازت دے گی۔
آج شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب ایک افراتفری کا شکار سیاسی گروہ نے سازش کی اور پاکستان کی سالمیت، سلامتی اور ترقی پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور عدالتوں کو ان کے خلاف مقدمات کو تیز کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ عناصر شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور جناح ہاؤس لاہور سمیت ریاستی اداروں اور قومی فخر کی عمارتوں کو نشانہ بنانے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔
عطاء اللہ تارڑ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان عناصر سے ہوشیار رہیں، جو پاکستان کی ترقی و پیشرفت میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے بے یقینی اور افراتفری پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی سے بچنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ویڈیوز بھی چلائیں جس میں مظاہرین کو فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ کرنے پر اکسایا گیا۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس سے وزیراعظم خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی پی، استحکام پاکستان پارٹی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے کل کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے۔