لاہور ہائی کورٹ نے منگل کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مشکور حسین نامی شہری نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا کہ سنجرانی بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں اور وہ بیک وقت دونوں نشستیں برقرار نہیں رکھ سکتے۔
اس لیے عدالت ان کو بطور چیئرمین سینیٹ فرائض انجام دینے سے روکے اور ان کی سینیٹ کی نشست خالی کرنے کا حکم دے۔
ابتدائی سماعت کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے مدعی کو معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار اور سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے عام انتخابات 2024 میں حلقہ پی بی 32 سے 19 ہزار 748 ووٹ حاصل کیے اور کامیابی حاصل کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حلقہ پی بی 32 سے بی اے پی کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی مارچ 2024 میں سینیٹر کی حیثیت سے ریٹائر ہونے والے ہیں، آصف علی زرداری صدر کے عہدے کے لیے پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار ہیں۔